کراچی: صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی سہولت کے لیے محکمہ صحت سندھ کی جانب سے کراچی پریس کلب میں قائم کورونا ویکسی نیشن سینٹر میں مزید تین دن کی توسیع کردی گئی ہے، توسیع کے بعد ویکسی نیشن کا عمل 7 جون تک جاری رہے گا۔
کراچی پریس کلب کے اعلامیہ کے مطابق کراچی پریس کلب میں بروز ہفتہ صبح 10بجے سے ایک بجے تک، بروز اتوار اور پیر صبح 10بجے سے سہ پہر 3بجے تک صحافی اور میڈیا ورکرز کورونا ویکسی نیشن کراسکتے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق 30سال سے زائد عمر کے افراد کو اپنا شناختی کارڈ اور ادارے کا کارڈ جبکہ 18سے 30سال تک کے افراد کو 1166پر رجسٹریشن کرانے کے بعد ادارے کا کارڈ اپنے ساتھ لانا ہوگا۔