گھوٹکی کے قریب ہونے والے ٹرین حادثے کے 13زخمی رحیم یار خان کے شیخ زید ہسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ہسپتال انتظامیہ کا کہناتھا کہ شیخ زیدہسپتال میں زیرعلاج زخمیوں میں دلہا بھی شامل ہے ، اہل خانہ کے مطابق شادی 12 جون کو طے تھی ،دولہا کے گھر والے بارات لے کر ملت ایکسپریس میں کراچی سے جھنگ جارہے تھے ، حادثے میں دولہے کے والدین ، بھائی ، چچی اورکزن جاں بحق ہو گئے تھے ۔
دوسری جانب گھوٹکی ٹرین حادثے کا مقدمہ چوتھے روز بھی درج نہیں ہو سکا، ایس ایچ او ریتی برکت علی نے کہاہے کہ ریلوے پولیس کا لیٹرابھی تک موصول نہیں ہوا اورنہ ہی کوئی مدعی آیا ہے ، جائے حادثے کے قریب پڑے ملبے کو بھی ابھی تک نہیں ہٹایا گیا، متاثرہ مسافروں کا سامان ڈہر کی تھانے منتقل کر دیا گیاہے۔
ٹرین حادثے میں جاں بحق ایک اور شخص کی تدفین لودھراں میں کردی گئی ہے ،33 سالہ ریاض ملت ایکسپریس میں سوار ہو کر کراچی سے لودھراں آ رہا تھا ۔یاد رہے کہ چند روز قبل گھوٹکی کے قریب ملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس کے درمیان خوفناک تصادم ہواجس میں 63 افراد جان کی بازی ہارگئے اور 107 افراد زخمی ہوئے جن میں سے بیشتر کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال پہنچایا گیا۔