مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں 15 سالہ فلسطینی لڑکا شہید ہوگیا۔
عرب میڈیا کے مطابق مغربی کنارے میں جھڑپوں کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں 15 سالہ فلسطینی لڑکا محمد سید ہمائل شہید جبکہ مزید 6 فلسطینی زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ فلسطینی نیوزایجنسی کی جانب سے جاری تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے نئی غیر قانونی یہودی آبادیاں قائم کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جارہا تھا جس پراسرائیلی فوج نے فائرنگ کی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھی اسرائیلی فوج نے بھیس بدل کر فلسطینی انٹیلیجنس کے اہلکاروں کو گرفتارکرنے کی کوشش کی تھی تاہم گرفتاری میں ناکامی پراسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے 3 فلسطینیوں کو شہید کردیا تھا۔