پاکستان 27 میں 26 پوائنٹس پر عمل درآمد کر چکا ہے،فائل فوٹو
 پاکستان 27 میں 26 پوائنٹس پر عمل درآمد کر چکا ہے،فائل فوٹو

پاکستان گرے لسٹ کے پھندے سے نکلنے کیلیے پر امید

پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کےلیے  دیے گئے 27 میں سے 26 نکات پر عملدرآمد کرلیا جس کے بعد گرے لسٹ سے نکلنے کے امکانات روشن ہوگئے ۔

اس حوالے سے وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس( ایف اے ٹی ایف) کی جانب سے پاکستان کو27 نکات پرعمل درآمد کرنا تھا جس میں سے پاکستان کی جانب سے ایک پرعمل درآمد باقی رہ گیا ہے اوراب پاکستان کے گرے لسٹ سے نکلنے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں، گزشتہ اجلاس تک پاکستان نے 24 نکات پرعملدرآمد کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کوآپریشن ریویو گروپ کے اجلاس میں ایف اے ٹی ایف پلمونری گروپ کے لیے رپورٹ تیارکی جائے گی، رپورٹ تیارکرنے والے اس گروپ میں چین ، امریکا، برطانیہ، فرانس اورانڈیا شامل ہیں۔

پاکستان کی جانب سے عمل درآمد نکات پر رپورٹ تیارکی جائے گی اور گروپ کی رپورٹ پلمونری اجلاس میں پیش کی جائے گی جو21 سے 25 جون تک ہوگا۔  ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سے متعلق سب گروپ کی رپورٹ پیش کی جائے گی۔

یاد رہے کہ پاکستان کو 2018 میں ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل کیا گیا تھا۔