پولیس نے گوجرانوالہ سے گرفتارکرکے اسے سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا۔فائل فوٹو
پولیس نے گوجرانوالہ سے گرفتارکرکے اسے سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا۔فائل فوٹو

’پرینک‘کے نام پرلڑکیوں کو تنگ کرنے والا شخص گرفتار

سوشل میڈیا پر’پرینک‘کے نام پرلوگوں کو خوف زدہ اور تنگ کرکے شارٹ ویڈیوز بنا کر سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش میں کئی افراد حد سے گزر جاتے ہیں اور وہ خواتین کے تقدس کا بھی خیال نہیں کرتے ہیں لیکن اب ان میں سے ایک شخص کے خلاف صحافی نے آوازاٹھائی تو پولیس کے ساتھ حکومت بھی حرکت میں آ گئی ہے اور اسے سلاخوں کے پیچھے پہنچا دیا ۔

تفصیلات کے مطابق علی خان نامی شخص فیس بک پیج ” ویلے لوگ “ پراس طرح کی پرینک ویڈیو بنا کر شیئرکرتا تھا جس میں وہ طالب علموں اور پارکس میں موجود نوجوان لڑکیوں کے ساتھ طوفان بدتمیزی برپا کرتا تھا۔ اس نوجوان کی حرکتیں اتنی زیادہ بڑھ گئی تھیں کہ اسے روکنا ناگزیر ہو چکا  تھا، صحافی ثاقب راجہ نے اس کے خلاف آواز اٹھائی اورکہا کہ میں اس وقت تک نہیں رکوں گا جب تک اس شخص کو سلاخوں کے پیچھے نہ پہنچا دوں ۔

صحافی ثاقب راجہ نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے اس کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ایکشن لینے کی درخواست کی اورکہا کہ ” یہ شخص کھلے عام شہر میں کس طرح گھوم رہاہے ، کبھی یہ اسکول کی بچیوں کے بازو پکڑ لیتا ہے ، کبھی بچیوں کے سر سے دوپٹہ کھینچ لیتا ہے، اس ویڈیو میں کسی کی بیوی کو کندھے سے پکڑکر ہراساں کر رہاہے ، کوئی قانون ہے پاکستان میں ؟ یہ مذاق ہے ؟ ۔“

پولیس نے سوشل میڈیا پرعلی خان کی حرکتوں کی ویڈیوز وائرل ہونے اور تنقید کا سلسلہ شرو ع ہونے کے بعد ایکشن لیا اوراسے گوجرانوالہ سے گرفتارکرتے ہوئے سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا ۔ اس معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا اظہر مشوانی نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسے گرفتارکرلیا گیاہے۔