تحریک انصاف کے رہنما اور رکن آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی سردار صغیر چغتائی اور ان کے ڈرائیور کی لاشیں منگلا ڈیم سے مل گئیں، 11جون کو ان کی گاڑی دریائے جہلم میں گرگئی تھی،سردار صغیر چغتائی وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی اور پی ٹی آئی آزاد کشمیرکے مرکزی رہنما سردار تنویر الیاس خان کے سگے چچا تھے،ان کی نماز جنازہ 21 جون بروز سوموار راولاکوٹ صابر شہید اسٹیڈیم میں شام 4 بجے ادا کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق11 جون کو آزاد پتن کے مقام پر آزاد کشمیر کے معروف سیاست دان سردار صغیر چغتائی کی گاڑی سامنے سے آنے والی کار سے ٹکرا کر دریائے جہلم میں جاگری تھی جس کے نتیجے میں صغیر چغتائی، سیکرٹری اوران کے ڈرائیور ڈوب گئے تھے،کئی دنوں کی مسلسل محنت اور تگ و دو کے بعد آزاد پتن سے 112 کلو میٹر دور منگلا ڈیم سے دو افراد کی لاشیں ملیں جنہیں بعد میں سردار صغیر چغتائی اوران کے ڈرائیور محمد سعید کے طور پر شناخت ہو گئی ہے۔دو روز قبل صغیر چغتائی کے سیکریٹری احتشام کیانی کی لاش بھی دھان گلی ڈڈیال سے ملی تھی۔
سردارصغیرچغتائی اورانکےڈرائیور سعید خان کی نمازجنازہ 21 جون بروز سوموار راولا کوٹ صابر شہید اسٹیڈیم میں شام چار بجے ادا کی جائے گی جبکہ ساڑھے پانچ بجے آبائی گاؤں بنگوئیں میں دوسری مرتبہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور انہیں آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا ۔