پشاور زلمی نے انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو واپسی کی ٹکٹ کٹا دی . پشاور زلمی نے ٹاس جیت کرکراچی کنگز کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی ،کراچی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر175 رنز بنا سکی ، پشاور زلمی نے 176 رنز کا ہدف بیسویں اوور کی پانچویں گیند پر پانچ وکٹوں کے نقصان پرحاصل کیا۔
پشاور زلمی کی جانب سے اننگز کا آغاز انتہائی محتاط انداز میں کیا گیا ، پہلے اوور میں7 رنز بنے ،دوسرے اوور میں حضرت اللہ نے پہلی گیند پر چھکا ، دوسری اور چھٹی گیند پر چوکے لگائے ،تیسرے اوور میں کامران اکمل نے تین گیندیں ضائع کیں اور چوتھی گیند پر سنگل لیا ، حضرت اللہ نے سامنے آکر پانچویں گیند پر پھر چھکا جڑ دیا ۔ اگلے اوور میں حضرت اللہ نے دوسری گیند پر چوکا اور چھٹی گیند پر چھکا لگا کر رن ریٹ کو مزید بڑھایا ۔
پانچویں اوور میں کامران اکمل نے بھی تیزی دکھائی اور پہلی دو گیندوں پر چوکے جڑے لیکن وہ چوتھی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ۔ چھٹے اوور میں حضرت اللہ نے ایک چوکا لگایا ، ساتویں اوور میں پھر سے حضرت اللہ کے ایک چھکے اور دو چوکوں نے پشاور زلمی کی پوزیشن کو مستحکم کیا ۔ آٹھویں اوور میں حضرت اللہ نے ایک چھکا اورایک چوکا مار کر پریشرکراچی کنگز پرڈال دیا۔ کراچی کنگز کے ارشد اقبال نے نواں اوور بہت زبردست کیا ، اس اوور میں کوئی باؤنڈری نہ لگی اور صرف پانچ رنز دیے ۔تھسارا پریرا کی جانب سے دسویں اوور میں بھی اسکور کو روکا گیا ۔ اس اوور میں چار رنز بنے اور چھٹی گیند پر امام الحق آؤٹ ہو گئے ۔ دو اوورز میں رنز نہ بننے اور ایک وکٹ گرنے سے پشاور زلمی پر پریشر بڑھنے لگا مگر گیارہویں اوور میں حضرت اللہ نے دو چوکے لگا کر پریشر کو توڑا۔ بارہویں اوور میں تھسارا پریرا نے حضرت اللہ کو کیچ تھمانے پر مجبورکردیا ، ان کا کیچ گپٹل نے پکڑا ۔
حضرت اللہ کے آؤٹ ہونے پر شعیب ملک میدان میں آئے اور اوور کی آخری گیند پر چوکا لگایا، شعیب ملک نے اگلے اوورکی تیسری گیند پر بھی چوکا لگایا، سنگل ڈبل کے ساتھ تیرہویں اوور میں 10رنز بنائے گئے ۔ چودھویں اوور میں بھی ایک چوکے اور سنگل ڈبل کے ذریعے 10رنز بنے ۔ پندرہویں اوور میں چار،سولہویں اوور میں 11،سترہویں اوور میں 11رنز بنے ۔
آخری تین اوورز میں 22 رنز چاہیے تھے ۔اٹھارہویں اوور میں آٹھ رنز بنے ، انیسویں اوور کی دوسری گیند پر شعیب ملک آؤٹ ہوئے ، چوتھی گیند پر ردرفورڈ نے چوکا لگایا۔ بیسویں اوور میں پشاور زلمی کو جیت کیلیے 7رنز چاہئے تھے ۔پہلی اور دوسری گیندوں پر سنگل بنے ، تیسری گیند ڈاٹ بال رہی ، مگر چوتھی گیند پر ردرفورڈ نے چوکا لگا کر اسکور برابر کر دیا۔ پانچویں گیند پر ردرفورڈ نے سنگل لے کرکراچی کنگز کو ایونٹ سے باہر نکال دیا۔حضرت اللہ کو 38 گیندوں پر 5چھکوں اور 10چوکوں کی مدد سے 77رنز بنانے پرمین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اس سے قبل کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے تھے ۔ کراچی کنگز کی جانب سے اننگز کا محتاط آغاز کیا گیا،رنز بنانے کا پریشر بڑھنے لگا تو شرجیل خان بڑی شارٹ کھیلتے ہوئے 20 گیندوں پر 26 رنز بناکر محمد عرفان کی گیند پر آؤٹ ہوئے،مارٹن گپٹل ایک دفعہ پھر ناکام رہے اور بغیر کوئی رنز بنائے عمید آصف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔دانش عزیز 12 گیندوں پر 13 رنز بناکر محمد عرفان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
ایک طرف وکٹیں گرتی رہیں تو دوسری جانب اسٹار بلے باز بابر اعظم نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا،انہوں نے پی ایس ایل کے اس سیزن میں اپنی ساتویں ففٹی مکمل کی، وہ 45گیندوں پر 53 رنز بناکر وہاب ریاض کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ان کی ففٹی میں چھ چوکے شامل تھے۔وکٹ کیپر بلے باز والٹن آٹھ گیندوں پر نو رنز بناکر وہاب ریاض کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
کپتان عماد وسیم اور تھساراپریرا کی برق رفتار بلے بازی نے کراچی کنگز کو بڑا ٹارگٹ سیٹ کرنے میں مدد کی، تھسارا پریرا 18گیندوں پر37 رنز بناکر عمید آصف کی گیند پر آؤٹ ہوئے ان کی اننگز میں چار چوکے اورتین چھکے شامل تھے۔کپتان عماد وسیم نو گیندوں پر 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے انکی اننگز میں ایک چھکا اورایک چوکا شامل تھا۔
انکی وکٹ محمد عمران نے حاصل کی۔محمدعامر سات اور محمد الیاس چاررنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔کراچی کنگزکی ٹیم نے آخری پانچ اوورز میں 70 رنز بنائے۔