مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے خواتین کے لباس کے متعلق اتنی عجیب بات کی کہ انہیں کیا نام دوں ،عمران خان نے پست سوچ کی عکاسی کی ۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کیا موٹروے پر خاتون کا ریپ اس لیے ہوا کہ انہوں نے غلط کپڑے پہنے ہوئے تھے ، مجرم کو نہیں مظلوم کو ذمہ دار قرار دینے والی ایسی سوچ سے پاکستان کو آزاد چاہئے ، یہ بہت بری سوچ ہے ، اس کا خاتمہ ضروری ہے ، عمران خان کے بیان سے زیادتی کے شکار بچوں کے والدین کو بہت تکلیف ہوئی ہوگی ۔
مریم نواز نے کہا کہ یہ عوام کے متنخب وزیر اعظم نہیں ، انہیں چوری کے ذریعے مسلط کیا گیا ہے ، عمران خان ایٹمی طاقت کے کسٹوڈین نہیںں ، ایٹمی دھماکے کا سہرا نواز شریف کے سر ہے ، ایٹمی طاقت کیلئے عوام نے بہت قربانیاں دیں ، آپ کشمیر کا سودا کرکے آئے ہیں ، کشمیر کا نام نہ لیں ۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے لاہور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو پولیس کے جوانوں پر فخر ہے ، پولیس کے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت جبکہ زخمیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،پولیس اہلکار مٹی کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہوئے ، بہت تکلیف دہ واقعہ ہے ۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما عثمان کاکڑ کی موت پراگر سوال اٹھ گئے ہیں تو تحقیقات ہونی چاہئیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے مختلف اجلاسوں میں عثمان کاکڑ سے ملاقات ہوئی تو پتہ چلا بہت منجھے ہوئے انسان ہیں، اگر انہیں اس وجہ سے قتل کیا گیا کہ آواز دب جائے گی تو ایسا نہیں ہوگا، ایسے اقدامات سے آواز کو دبایا نہیں جاسکتا ، مزید آوازیں اٹھیں گی۔