کپتان وہاب ریاض اور محمد عمران  پہلی  پہلی گیند پرعمران طاہر کا نشانہ بنے۔فائل فوٹو
کپتان وہاب ریاض اور محمد عمران  پہلی  پہلی گیند پرعمران طاہر کا نشانہ بنے۔فائل فوٹو

ملتان پی ایس ایل 6 کا سلطان بن گیا

ابو ظہبی۔ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 47رنز سے شکست دیکر پاکستان سپرلیگ(پی ایس ایل )6 کا ٹائٹل جیت لیا۔

پشاور زلمی کی ٹیم 207 رنزکے تعاقب میں159 رنز بناسکی۔پشاور کی ٹیم کو دونوں اوپننگ بلے بازوں نے بڑے ہدف کے تعاقب میں اپنی ٹیم کو بہترین آغاز فراہم کیا اور پہلے اوور سے ہی جارحانہ انداز اپنایا۔تاہم چھٹے اوور کی دوسری گیند پر حضرت اللہ زازئی پانچ گیندوں پر چھ رنز بناکر مزربانی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔اگلے ہی اوور میں کامران اکمل بھی پویلین لوٹ گئے ان کی وکٹ عمران خان نے حاصل کی،کامران اکمل 28گیندوں پر36 رنز بناسکے۔جوناتھن ویلز 13گیندوں پر چھ رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔

شعیب ملک 12ویں اوور میں عمران خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے تاہم یہ گیند نوبال قرار پائی۔پاول 14گیندوں پر 23 رنز بناکر مزربانی کی  گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔شعیب ملک 16ویں اوورکی پہلی گیند پر 48 رنز بناکر سہیل تنویر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے ،ان کی اننگز میں تین چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ردر فورڈ 10گیندوں پر 18 رنز بناکرعمران طاہرکی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔کپتان وہاب ریاض اور محمد عمران  پہلی  پہلی گیند پرعمران طاہر کا نشانہ بنے۔عماد بٹ چھ گیندوں پر سات رنز بناکر عمران خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

ملتان سلطانز نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل )6 کا ٹائٹل جیتنے کے لیے پشاور زلمی کو 207رنز کا ٹارگٹ دیا ہے۔ملتان سلطانز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر206 رنز بنائے۔ملتان سلطانز کی جانب سے دونوں اوپننگ بلے بازوں نے  اننگز کا محتاط انداز میں آغازکیا تاہم چاراوورز کے بعد دونوں بلے بازوں نے وکٹ کےچاروں اطراف شاٹس کھیلنا شروع کیں اور رن ریٹ کو بڑھایا۔تاہم اس دورن شان محمد 29 گیندوں پر 37 اور کپتان محمد رضوان 30 گیندوں پر 30 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے،دونوں کی وکٹ محمد عمران نے حاصل کی۔

یکے بعد دیگرے دو وکٹیں گرنے کے باوجود صہیب مقصود اور رائلی روسونے جارحانہ انداز اپنایا اور چوکے چھکوں کا سلسلہ جاری رکھا۔رائلی روسو نے اپنی شاندار ففٹی 20 گیندوں پر مکمل کی تاہم وہ اگلی ہی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے،ان کی وکٹ ثمین گل نے حاصل کی۔رائلی روسوکی اننگز میں پانچ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔

رائلی روسو کے آؤٹ ہونے کے بعد اگلی ہی گیند پر جونسن چارلز بھی ثمین گل کا نشانہ بنے ۔صہیب مقصود 35 گیندوں پر65 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ،ان کی اننگز میں چھ چوکے اورتین چھکے شامل تھے۔انہیں شاندار بیٹنگ پرمین آف دی میچ اورمین آف دی سیریز قرار پائے،خوشدل شاہ پانچ گیندوں پر 15 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔