پولیس نے مظاہرین پرلاٹھی چارج کیا۔فائل فوٹو
پولیس نے مظاہرین پرلاٹھی چارج کیا۔فائل فوٹو

بھارت میں کسانوں کا احتجاج۔پولیس کا تشدد

بھارتی پولیس کی جانب سے اپنے مطالبات کی منظور ی کے لیے احتجاج کرنے والے متعددکسانوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے مظاہرین پرلاٹھی چارج بھی کیا ہے جس کی ویڈیو بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والے کانگریس رہنما نوجوت سنگھ سدھونے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر شیئر کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر  چندی گڑھ میں کسان اپنے حقوق کے حصول کےلیے مودی سرکار کے خلاف ایک بار پھر سڑکوں پر آگئے ،کسانوں کی جانب سے احتجاج کے دوران مودی سرکار کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ کسانوں کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کو بلایا گیا تو مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپ ہوئی جس میں پولیس کی جانب سے کسانوں پر لاٹھی چارج کیا ہے اور مظاہرے میں شریک کئی کسانوں کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔

دوسر ی جانب کانگریس رہنما نوجوت سنگھ سدھو نے کسانوں پر کیے جانے والے تشدد کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کو ریاستی دہشتگردی قرار دیا اور کہا کہ حکومت کی جانب سے کسانوں پر تشدد اس لئے کیا جا رہا ہے کیوں کہ وہ کسانوں کو ان کے حقوق دینے سے قاصر ہے اور زبردستی کالے قوانین کو نافذ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاست 2017سے جاری پروگرام کے تحت کسانوں کی مدد کرے۔

کانگریس رہنما کی جانب سے ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے جس میں پولیس کو کسانوں پر تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔