بیرون ممالک جانے والے پاکستانیوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ،اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں ویکسینیشن سینٹر میں شدید بدنظمی کی صورتحال دیکھنے میں آئی،مرکزی دروازہ توڑ دیا گیا،دو سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔
ایف نائن پارک میں قائم ماس ویکسینیشن سینٹر میں بیرون ممالک جانے والے افراد کی بڑی تعداد پہنچ گئی۔ ویکسین نہ ملنے کی وجہ سے انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے ویکسین سینٹر کے مرکزی دروازے کے شیشے توڑ دیے۔
ماس ویکسینیشن سینٹر پرفائزراورایکسڑا زینیکا لگوانے والوں کا رش بڑھ گیا۔ ویکیسن لگوانے کے خواہش مند افراد ماس ویکسینیشن سینٹر کا مرکزی دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوگئے۔ بدنظمی کی وجہ سے سینٹر میں ویکیسن لگانے کا عمل کچھ دیر کےلئے روک دیا گیا۔ دروازے کا شیشہ ٹوٹنے سے 2 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے جس کے بعد ایف نائن پارک کا مین داخلی راستہ بند کر دیا گیا۔
ڈی ایچ او ضعیم ضیا نے بتایا کہ ویکیسینیشن سینٹر میں ایکسٹرا زینیکا اور فائزر لگائی جا رہی ہے، بیرون ملک جانے والوں کو ویکیسن لگانے کا عمل جاری تھا، دوسرے شہروں سے آنے والوں کے باعث رش اچانک بڑھ گیا، ایس او پیز کے تحت سب کو ایک ساتھ اندر نہیں آنےدیا جا سکتا، ویکیسن لگوانے والےمرکزی دروازہ توڑ کر اندر داخل ہو گئے۔ بد نظمی کے باعث ویکسی نیشن لگانے کا عمل عارضی طور پر معطل کیا گیا۔