سندھ میں کتوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع کردیا ہے، ایک کتے کی رجسٹریشن پر دو ہزار250 روپے خرچہ آئے گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق کتوں کی رجسٹریشن کے لیے فارم کی قیمت 250 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ رجسٹریشن فیس دو ہزار روپے مقررکی گئی ہے۔کراچی کے علاقے ڈیفنس میں سینئر وکیل کو کتوں کے کاٹنے کے واقعہ کے بعد کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن میں پالتو کتوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع کیا گیا ہے۔
کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن حکام کے مطابق یہ اقدام زیر دفعہ 119 اورکنٹونمنٹ ایکٹ 1924 کے تحت کیا گیا ہے۔ فارم میں کتے کے مالک کا نام، شناختی کارڈ نمبر، اپنے ساتھ کتے کو رکھنے کا پتہ، موبائل نمبر، ای میل آئی ڈی، کتے کا رنگ، نسل، جنس اور اسے رکھنے کا مقصد ظاہرکرنا ہوگا۔ کتے کی ویکسی نیشن کرانے کی تاریخ بھی فارم میں درج کرنا ہوگی۔
رجسٹریشن کے لیے کتے کی تصویر، کتے کے مالک کے شناختی کارڈ کی کاپی، ڈاکٹر کی جانب سے جاری کی گئی ویکسی نیشن کی رپورٹ اور فیس کی ادائیگی کے چالان کی فوٹو کاپی بھی فارم کے ساتھ جمع کرانا ہوگی
ان تمام دستاویزات کی فراہمی کے بعد دفترکے استعمال کے خانے میں کتا رکھنے کی اجازت دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کنٹونمنٹ بورڈ حکام نے اپنے ہاتھ میں رکھا ہے۔ کتے کی رجسٹریشن کے لیے فارم کنٹونمنٹ بورڈ کے دفتر سے وصول کیے جا سکتے ہیں۔