آئی سی سی نے ٹی20ورلڈ کپ متحدہ عرب امارات اورعمان میں منتقل کرنے کی منظوری دیدی ۔ٹی 20ورلڈ کپ 17اکتوبر سے 14نومبر تک کھیلا جائے گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق کرکٹ کی مشہور ویب سائٹ (کرک انفو) کے مطابق یو اے ای میں شیڈول انڈین پریمئر لیگ 15 اکتوبر تک مکمل ہو جائے گی جس کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے مقابلے 17 اکتوبر سے شروع ہوجائیں گے۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز دبئی، ابوظہبی اور شارجہ میں کھیلے جائیں گے، ایونٹ میں 30 میچز کھیلے جائیں گے، 12 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا جبکہ ایونٹ کا فائل 14 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ پہلے رائونڈ کے میچز یواے ای کے ساتھ عمان میں ہوں گے۔
پروگرام کے مطابق سپر12 مرحلے کے میچز 24 اکتوبر سے شروع ہوں گے۔آئی سی سی نے یکم جون کو ہونے والے اجلاس میں بھارتی بورڈ کو جون کے آخر تک میچز کے مقامات کے بارے میں تفصیلات بتانے کی ڈیڈ لائن دی تھی۔
بھارت میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسزکی وجہ سے انڈین پریمیئر لیگ ملتوی ہونے کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی یواے ای منتقلی کا مطالبہ بھی زور پکڑنا شروع ہوگیا تھا۔
واضع رہے ٹی 20ورلڈ کپ بھارت میں کھیلا جانا تھا مگر کورونا صورتحال کے پیش نظر بھارت کی جانب سے ایونٹ کو متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کی تصدیق کی گئی تھی جس کی آج آئی سی سی نے بھی منظوری دے دی ۔