مردان کی نوجوان لڑکی اپنے والد کو پاس آوٹ ہونے کے بعد سیلیوٹ کر رہی ہے ۔ فائل فوٹو
مردان کی نوجوان لڑکی اپنے والد کو پاس آوٹ ہونے کے بعد سیلیوٹ کر رہی ہے ۔ فائل فوٹو

پاکستان نیوی کی تاریخ کا انوکھا واقعہ۔بیٹی کا باپ کو سیلوٹ

آپ نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا یہ کلپ تو ضرور دیکھا ہو گا جس میں پاکستان نیوی میں کمیشن حاصل کرنے والی نوجوان لڑکی اپنے والد کو پاس آوٹ ہونے کے بعد سیلیوٹ کر رہی ہے ۔

یہ نوجوان لڑکی دراصل کموڈور عارف سعید کی صاحبزادی رشنا عارف ہیں جنہوں نے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان نیوی میں شمولیت اختیار کی اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار قوم کی بیٹی خدمات انجام دینے کیلیے ہر دم تیا ر ہے ۔’سب لیفٹیننٹ ‘ رشنا عارف اوران کے والد کموڈور عارف سعید نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی جہا ں انہوں نے اس ویڈیو اور دیگر زندگی کے بارے میں اہم معلومات فراہم کیں ۔

رشنا عارف نے بتایا کہ ہم نے سوچانہیں تھا کہ یہ کلپ اتنا وائرل ہو جائے گا کیونکہ یہ ایک پرائیویٹ ویڈیو تھی اور یہ ہمارے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ اس پر اتنا مثبت رد عمل آئے گا ، یہ ویڈیو میری والدہ بنا رہی تھیں ۔رشنا کا کہناتھا کہ مجھے وائٹ یونیفارم بچپن سے ہی بہت پسند تھا ، ہماری ایک بیرک کیپ ہوتی ہے ، مجھے شوق تھا کہ وہ پہن کر میں اپنے والد کو سیلیوٹ کروں اور بچپن میں جب ابو آفس جایا کرتے تھے تو میں وہ پہن کرانہیں سیلیوٹ کرتی تھی ، جس دن نیول اکیڈمی میں رپورٹ کیا تو میں نے سوچ لیا تھا کہ کمیشن ملنے پر والد صاحب کو مارچ کرتے ہوئے سیلیوٹ کروں گی ، میں نے جب انہیں سیلیوٹ کیا تو وہ مسکرا رہے تھے تو پھران کی آنکھوں میں آ نسو آ گئے ، انہوں نے مجھے جلدی سے گلے لگا لیا ۔

کموڈور عارف سعید کا کہناتھا کہ میرے تین بچے ہیں جن میں سب سے بڑی رشنا ہے ، اس کے بعد میرا بیٹا حیدر عارف ہے جوکہ بحریہ یونیورسٹی میں فلم پروڈکشن پڑھ رہاہے جبکہ چھوٹی بیٹی ہمنا عارف چھٹی جماعت کی طالبعلم ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمار اتعلق مردان سے ہے ، میرے والد بھی نیوی میں تھے اور ان کے بعد میں نے نیوی جوائن کی اور میں دوسری نسل جبکہ میری بیٹی رشنا تیسری نسل ہے جس نے نیوی میں شمولیت اختیارکی ہے ۔