جامعہ بنوریہ نیوٹاؤن کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر86 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
انتظامیہ جامعہ بنوریہ کی جانب سے جاری بیان میں مولانا عبدالرزاق کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا کہ علامہ مرحوم بنوری ٹاؤن میں شیخ الحدیث کی خدمات انجام دے رہے تھے۔اقرا روضۃ الاطفال ٹرسٹ پاکستان کے بھی صدر تھے ۔
مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر جامعتہ العلوم الاسلامیہ کے موجودہ چانسلر اور شیخ الحدیث، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے امیر اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدر تھے۔علامہ عبدالرزاق اسکندر کو مفتی نظام الدین شامزئی کی شہادت کے بعد جامعہ بنوریہ نیو ٹاؤن کے شیخ الحدیث مقرر کیا گیا تھا۔
مرحوم کی نماز جنازہ عشا کے بعد بنوری ٹائون مسجد میں ادا کی جائے گی۔ نمازِ عشا 09:15 پر ادا کی جائے گی۔
ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر 1935 کو ایبٹ آباد کے علاقے کوکل پیدا ہوئے تھے۔انہوں نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی گاؤں سے ہی حاصل کی جس کے بعد 1956 میں جامعہ دارالعلوم کراچی سے درس نظامی کیا۔ ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر اس مدرسہ سے درس نظامی کرنے والے پہلے طالب علم تھے۔
اس کے بعد انہوں نے 1962 میں اسلامی یونیورسٹی مدینہ منورہ میں داخلہ لیا اور چار سال تک دینیات کی تعلیم حاصل کی۔ بعدازاں 1972 میں جامعہ الازہر میں داخلہ لیا اور ڈاکٹریٹ کی ڈگری مکمل کی
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں مولانا عبدالرزاق اسکندر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے۔