استاذالعلما، شیخ الحدیث، صدر وفاق المدارس العربیہ پاکستان، امیر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق سکندر کی نماز جنازہ بنوری ٹاؤن میں ادا کرنے کےبعدمقامی قبرستان میں ان کی میت کو سپرد خاک کردیا گیا ،نماز جنازہ میں ہزاروں اساتذہ، تلامذہ، متعلقین اور محبین نے شرکت کی،اس موقع پر کئی رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے ممتاز دینی ادارے جامعتہ العلوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کے مہتم شیخ الحدیث مولانا ڈاکٹرعبد الرزاق سکندر 86 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے کی نماز جنازہ رات گئے بنوری ٹاؤن میں ادا کردی گئی ،نمازِ جنازہ آپ کے بڑے صاحبزادے مولانا ڈاکٹر سعید کی اقتدا میں ادا کی گئی،سخت گرمی میں ہزاروں افراد نے نماز جنازہ میں شرکت کی ۔بعد ازاں انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ۔
ڈاکٹرعبدالرزاق سکندر 1935ء کو ایبٹ آباد کے علاقے کاکول کے دینی گھرانے میں پیدا ہوئے ،آپ کے والد گرامی سکندر خان بن زمان خان اپنے علاقے کے انتہائی معزز افراد میں شمار ہوتے تھے، خاندان اور گاؤں کے تنازعات میں ان سےرجوع کیاجاتاتھا،جنہیں وہ خوش اسلوبی سےنمٹادیا کرتےتھے۔مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق سکندرنے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی گاؤں سے ہی حاصل کی جس کے بعد 1956ء میں جامعہ دارالعلوم کراچی سے درس نظامی کیا، ڈاکٹر عبدالرزاق سکندر اس مدرسہ سے درس نظامی کرنے والے پہلے طالب علم تھے۔
اس کے بعد انہوں نے1962ءمیں اسلامی یونیورسٹی مدینہ منورہ میں داخلہ لیااورچارسال تک علوم نبوی کی تعلیم حاصل کی، بعد ازاں 1972ء میں جامعہ الازہر میں داخلہ لیا اور ڈاکٹریٹ کی ڈگری مکمل کی۔مولانا ڈاکٹر عبد الرزاق سکندر کے اساتذہ میں علامہ سیّد محمّد یوسف بَنُوریؒ،مولانا عبدالحق نافع کاکاخیلؒ، مولانا عبدالرّشید نعمانیؒ،مولانا لطفُ اللہ پشاوریؒ، مولانا سَحبان محمودؒ ،مفتی ولی حَسن ٹونکیؒ،مولانا بدیع الزّماں سمیت دیگر نمایاں تھے ۔
مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق سکندر نے اردو اورعربی زبان میں درجنوں کتابیں لکھیں جبکہ آپ کی ایک مشہور کتاب ’الطریقۃ العصریۃ‘ عرصہ دراز سے وفاق المدارس کے نصاب میں شامل ہے۔