وزیر اعظم عمران خان نے چینی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکا نے افغان مسئلے کو عسکری قوت سے حل کرنےکی کوشش کرکے سب سے بڑی غلطی کی ،افغانستان کی تاریخ ہے کہ کوئی افغانوں کو تابع نہیں کر سکا ۔
انٹرویو کے دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ افغانستان کی صورتحال کے بارے میں کیا کہیں گے ، اس کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ یہ بہت مشکل سوال ہے،اس وقت کسی کے پاس اس کا جواب نہیں ہے ، جیسے ہی امریکا نے افغانستان سے نکلنے کا اعلان کیا تو طالبان نے اسے اپنی فتح قراردے دیا ، ایسی صورتحال میں انہیں سیاسی حل پر لانا بہت مشکل ہے، اب اگرافغانستان میں خانہ جنگی ہوتی ہے اس سے سب سے زیادہ متاثر پاکستان ہوگا ، اس لیے ہم ہر صورت افغانستان کا حل چاہتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ افغانیوں کی تاریخ ہے کہ انہوں نے بیرونی مداخلت کبھی قبول نہیں کی ، امریکا نے یہاںطاقت کا استعمال کر کے سب سے بڑی غلطی کی ۔