اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد کے شہری اسامہ ستی کے قتل کے الزام میں گرفتار پولیس اہلکار مدثرمختار کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کی 2 لاکھ روپے کے ضمانی مچلکوں کے عوض ضمانت منظورکرلی۔
خیال رہے کہ رواں سال جنوری میں اسامہ ستی اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوا تھا۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اس کیس کا مقدمہ سیشن کورٹ بھیج دیا تھا۔ ملزمان کے خلاف ٹرائل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں جاری ہے۔ اس وقت 4 پولیس اہلکار اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔
واضع رہے کہ جوڈیشل انکوائری رپورٹ میں اے ٹی ایس اہلکاروں کو اسامہ ستی کے قتل کا ذمہ دار قرار دے دیا گیا تھا جب کہ پانچوں اہلکاروں کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ چلانے کی سفارش کی گئی تھی۔