وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے مسلم لیگ نون کے رہنما حمزہ شہبازکو اپنی اور خاندان کی تمام پراپرٹیزکی منی ٹریل دینے کے لیے نوٹس جاری کر دیا، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 30 دن کے اندر منی ٹریل دی جائے ورنہ کارروائی ہوگی۔
ایف آئی ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز کو اینٹی منی لانڈرنگ کے تحت شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے، ایف آئی اے نےشوکاز نوٹس میں لیگی رہنما حمزہ شہباز کو ہدایت کی ہے کہ اکائونٹس میں 25 ارب منتقلی کے ذرائع بتائے جائیں۔
حمزہ شہباز سے گاڑیوں، بینک اکاؤنٹس، شیئرز، جیولری، کیش اور پرائز بانڈز کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں، ایف آئی اے کے نوٹس میں حمزہ شہباز سے استفسار کیا گیا ہے کہ ثابت کریں کہ آپ کی جائیدادیں منی لانڈرنگ کے پیسوں سے نہیں بنائی گئیں۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ان تمام جائیدادوں کی منی ٹریل ایف آئی اے کو دیں اگرایسا کرنے میں ناکام رہے تو جائیدادیں ضبط بھی کی جا سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سےقبل ایف آئی اے پاکستا ن تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین کو بھی شوکاز نوٹس جاری کر چکا ہے جس میں ان سے اہم تفصیلات طلب کی گئیں ہیں۔