متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) پاکستان نے سندھ میں گورنر راج نافذ کرنے اور علیحدہ صوبے کا مطالبہ کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں ایم کیوایم پاکستان نے سندھ حکومت کےخلاف کراچی حقوق ریلی نکالی، جس میں کارکنان کی بڑی تعداد شریک ہوئی،ریلی کا آغاز حسن اسکوائر سے ہوااورشاہراہ فیصل سے پریس کلب پہنچ کراختتام پذیر ہوئی۔
ریلی کے اختتام پر ایم کیو ایم پاکستان کے کنونیئر خالد مقبول صدیقی کا کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کراچی کو لوٹنے والوں کو پہلا نوٹس جاری کر کے حجت تمام کردی، آج کراچی سے کارکن نکلا اورکل حیدرآباد کے کارکنان بھی نکلیں گے،پیپلز پارٹی کی حکومت سے نجات صوبے کی ترقی کی ضامن ہے، اگر صوبائی حکومت نے اپنا قبلہ درست نہ کیا توان کے محلات بھی نہیں بچیں گے، ہم ریاست کے چاروں ستونوں کادروازہ کھٹکھٹائیں گے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم 47 میں جناح کےپاکستان آئے، پیپلزپارٹی نےہمیں70کےپاکستان میں دھکیل دیا،ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے سندھ میں گورنر راج کے نفاذ کو ضروری قرار دیتے ہوئے علیحدہ صوبے کا مطالبہ ایک بار پھر سے دہرایا۔