پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فوادچوہدری کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر دور میں سیاسی ابو بدلنے والے آج کے سیاسی ابوکو بچانے کے لیے جھوٹ کا راگ الاپ رہے ہیں، فواد چوہدری سمیت دیگر بھٹکتی سیاسی روحیں سیاسی مخالفین کے خلاف گھٹیا بیانات دینے پر مجبور ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق لیگی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سیاسی ابو کی ساکھ اتنی گر چکی ہے کہ کرائے کے ترجمانوں کے دن رات کے جھوٹ سے بات بن نہیں رہی،بھٹکتی سیاسی روحیں اپنے مستقبل سے خوف زدہ ہیں، انہیں سمجھ نہیں آرہی کہ کیا کریں اورکہاں جائیں؟۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کے خوف سے حکومت اوراس کے ترجمانوں کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں، آخری سانس لیتی حکومت کی سیاسی موت قریب ہے، جھوٹے بیانات سے یہ نہیں بچ سکتی۔ جو حکومت تین سال میں اپنا پروگرام نہیں دے سکی اس کے کرائے کے ترجمان اپوزیشن سے پلان مانگ رہے ہیں۔