اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا سوات کے گراسی گراؤنڈ میں جلسہ شروع ہو گیا، اتحاد میں شامل جماعتوں کے کارکنوں کی جلسہ گاہ آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
اس سے قبل جلسے میں شرکت کرنے کے لیے صدرِ مسلم لیگ نون اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف سوات پہنچے۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ آج سوات کے گراسی گراؤنڈ میں جلسہ عام کررہی ہے، جس کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں، جلسے سے مولانا فضل الرحمن، شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی، محمود خان اچکزئی اور آفتاب شیرپاؤ سمیت دیگر قائدین خطاب کریں گے۔ جلسے کیلیے سواات کے مختلف علاقوں ، دیر ، چترال ، چارسدہ ، صوابی ، مردان سمیت دیگراضلاع سے کارکنوں کی آمد کا سلسلہ صبح سے جاری ہے۔
جلسہ میں پارٹی قائدین اور میڈیا کے لیے 2 اسٹیج سجائے گئے ہیں جبکہ شرکا کے لیے 10 ہزار کرسیاں لگائی ہے، جلسہ گاہ میں جمعیت علمائے اسلام کے 3 ہزار رضاکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں جب کہ جلسہ گاہ کے باہر 1600 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔