سندھ ہائی کورٹ نے پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کی درخواست ضمانت پرسماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر عیبداللہ ابڑوکی سخت سرزنش کردی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں پی پی رہنما سید خورشید شاہ کی ضمانت کے لیے دائرکی جانے والی درخواست پرسماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹرکی جانب سے استدعا کی گئی کہ ابھی انکوائری مکمل نہیں مزید وقت دیا جائے ۔ ہائی کورٹ کے جسٹس امجد سہتونے نیب پراسیکیوٹر عیبداللہ ابڑو سے سوال کیا کہ انکوائری کے لیے آپ کے پاس کتنا وقت ہوتا ہے جس پر پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ چار ماہ کا وقت ہوتا ہے۔
عدالت نے نیب پراسیکیوٹرکے جواب پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ وقت پر انکوائری بھی مکمل نہیں کرسکے،یہ ہے آپ کی پرفارمنس کہ ملزم کو 18،18ماہ جیل میں رکھتے ہیں اور وقت لیتے رہے ہیں۔ بعدازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر ڈائریکٹر نیب سکھر کو طلب کرتے ہوئے درخواست پر مزید سماعت ملتوی کردی۔