بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ،دلیپ کمار کے انتقال کی خبر اُن کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اُن کے ترجمان فیصل فاروقی کی جانب سے دی گئی ہے۔
دلیپ کمار سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے ممبئی کے اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ دلیپ کمار کو انڈین فلم انڈسٹری کے سب سے بڑے ایوارڈ دادا صاحب پھالکےسے بھی نوازا گیا۔
لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کی تدفین کا اعلان کردیا گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دلیپ کمار کی میت ممبئی کے اسپتال سے اُن کے گھر منتقل کی جارہی ہے۔
اس کے علاوہ دلیپ کمار کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اُن کی تدفین کے بارے میں بھی اہم اطلاع دی گئی ہے۔
ترجمان دلیپ کمار کی جانب سے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں بتایا گیا کہ’دلیپ کمارکی تدفین آج شام 5 بجے ممبئی کے علاقہ سینٹاکروز کے جوہو قبرستان میں کی جائےگی۔‘
https://twitter.com/TheDilipKumar/status/1412625392645644289?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1412625392645644289%7Ctwgr%5E%7Ctwcon%5Es1_&ref_url=https%3A%2F%2Fjang.com.pk%2Fnews%2F953019
دلیپ کمار کے انتقال کی افسوسناک خبر پراُن کے اہلخانہ، بالی ووڈ فنکاروں اور دُنیا بھر میں موجود اُن کے مداحوں کی جانب سے شدید دُکھ کا اظہار کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب بھارتی صدر رام ناتھ کووند نے بھی دلیپ کمار کے انتقال پر تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔بھارتی صدر رام ناتھ کووند نے اپنے پیغام میں کہا کہ دلیپ صاحب بھارت کی تاریخ اپنےاندر سموئے ہوئے تھے۔اُنہوں ننے کہا کہ دلیپ کمار بھارتی عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
خیال رہے کہ دلیپ کمار 1922ء میں پشاور کے محلےخداداد میں پیدا ہوئے تھے، دلیپ کمار نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1944 میں فلم ’جوار بھاٹا‘سے کیا مگر فلم انڈسٹری میں اپنی اصل پہچان 1960میں تاریخی فلم ’مغلِ اعظم‘ میں شہزادہ سلیم کا کردار ادا کرکے بنائی۔
دلیپ کمار نے اپنے فلمی کیرئیر کے دوران مغل اعظم، ملن، جگنو، شہید، ندیا کے پار، انداز جوگن، بابل، آرزو، ترانہ، ہلچل، دیدار، سنگدل، داغ، آن، شکست، فٹ پاتھ، امر،اڑن کٹھولا، انسانیت، دیوداس، نیا دور، پیغام، کوہ نور، گنگا جمنا، شکتی، سمیت کئی لازوال فلموں میں عمدہ اداکاری کے جوہر دکھائے۔
ان کی خدمات کے پیشِ نظر حکومت ہندوستان کی طرف سے انہیں پدما بھوشن ایوارڈ، دادا صاحب پھالکے سمیت کئی اعزازات دئیے گئے جبکہ 1998 کو انہیں پاکستان کے سب سے بڑے سویلین اعزاز نشان پاکستان سے بھی نوازا گیا۔
دلیپ کمار نے 65 سے زائد فلموں میں کام کیا جبکہ دلیپ کمار کو انڈین فلم کا سب سے بڑا اعزاز دادا صاحب پھالکے ایوارڈ بھی دیا گیا۔
دلیپ کمارکو شہنشائے جذبات کے لقب سے بھی جانا جاتا ہے ، دلیپ کمار کا اصلی نام یوسف خان تھا وہ 11 دسمبر 1922 کو پشاورکے محلہ خداداد میں لالہ غلام سرور کے ہاں پیدا ہوئے۔
وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ 1935 میں ممبئی ( جو ان دنوں بمبئی تھا) کاروبار کے سلسلے میں منتقل ہوئے۔انہوں نے فلم جوار بھاٹا سے ڈیبیو کیا اور پھر قریب پانچ دہائیوں تک فلم انڈسٹری پر راج کیا ۔ ۔
دلیپ کمار کافی عرصہ سے علیل تھے ، وہ آج صبح 98برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملے ۔