افغان طالبان کی طرف سے زیر قبضہ اضلاع کی فہرست جاری کردی گئی ہے، جن میں مرکزی وصوبائی دارالحکومتوں کےعلاوہ 372 اضلاع شامل ہیں۔
طالبان کی جانب سے سب سےزیادہ 24اضلاع صوبے بدخشاں میں فتح کرنےکا دعویٰ کیا گیا ہے۔صوبہ ننگرہار اور نمروز میں سب سے کم ایک ایک ضلع فتح کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب طالبان مغربی افغانستان کے ایک اہم شہر قلع نوا میں داخل ہوگئے مقامی گورنر نے بتایا کہ صوبہ بادغیس کے صوبائی دارالحکومت قلع نوا کے تمام سرکاری عہدے داروں کو پہلے ہی قریبی فوجی اڈے میں منتقل کردیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ عسکریت پسند "شہر کے مرکز کی طرف” جارہے ہیں اور سرکاری فوج کے ساتھ بھاری لڑائی جاری ہے۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ طالبان قلعہ نواب کی جیل میں داخل ہو گئے اورگروپ کے 100 سے زائد جنگجوؤں سمیت 400 کے قریب قیدیوں کو رہا کرا لیا۔
جب سے امریکہ ، برطانیہ اور اتحادی افغانستان سے پیچھے ہٹ رہے ہیں تو اس کا فائدہ طالبان کو ہوا۔ افغانستان میں بقیہ غیر ملکی افواج کی اکثریت 11 ستمبرکی ڈیڈ لائن سے پہلے ہی چلی جائے گی ،افغان فوج کو سیکیورٹی کی ذمے داری سونپ دی گئی ہے۔