پاکستان اورانگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا پہلا میچ آج کارڈف میں کھیلا جائے گا،میچ ڈے اینڈ نائٹ ہو گا جوپاکستانی وقت کے مطابق شام پانچ بجے شروع ہوگا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ 10 جولائی جبکہ تیسرا اورآخری ون ڈے میچ 13جولائی کو کھیلا جائے گا۔جس کے بعد دونوں ٹیموں میں تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کھیلی جائے گی۔
حارث سہیل ہیمسٹرنگ انجری کے باعث انگلینڈ کے خلاف سیریز سے باہر ہوگئے۔ بدھ کو کیے جانے والے ایم آر آئی اسکین میں انکشاف ہوا ہے کہ مڈل آرڈر بیٹسمین گریڈ تھری ٹیئر کا شکار ہیں۔ وہ گزشتہ ہفتے ڈربی میں ایک پریکٹس سیشن کے دوران اس انجری کا شکار ہوئے تھے۔ پی سی بی کے میڈیکل پینل نے حارث سہیل کو چار ہفتے کا ری ہیب پروگرام تجویز کیا ہے،جسے مکمل کرنے پرمڈل آرڈر بیٹسمین کی انجری کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔
کرکٹ ماہرین کا کہنا ہےکہ اس سیریز میں پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف واضح برتری حاصل ہے۔انگلش ٹیم کے 18رکنی اسکواڈ میں شامل بیشتر کھلاڑی نئے ہیں۔انگلش ٹیم کےساتھ ممبران میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے پوری ٹیم کو قرنطینہ کردیا گیا تھا۔