اسلام آباد:حکومت نے تمام غیرملکیوں کو رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
نیشنل فارنزک سائنس ایجنسی کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تمام غیر ملکیوں کو رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، غیر ملکیوں کو ایلین کارڈ کےذریعے بینک اکاوَنٹس کھولنے کی اجازت ہوگی، افغانستان میں کورونا کا بہت مسئلہ ہے اور وہاں سنگین صورتحال ہے، طورخم بارڈر پر 4 سے 5 ہزار پھنسے افراد کو نکالنے کیلیے جلد لائحہ عمل طے کریں گے، طورخم بارڈر کو ویکسینیشن کروانے کیلیے کھول رہے ہیں۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ روکنے کےلیے بڑا اقدام کرنے جارہے ہیں، پاکستان سے بیرون ملک منشیات نہیں جاتی بلکہ وہاں سے ادھر آتی ہے،70 سال میں 50 ہزار لوگ پاکستان داخل ہوئے، پاکستان میں داخل ہونے والے 40 سے 50 ہزار افراد کا کوئی ریکارڈ نہیں۔
وزیر داخلہ نے ایک بار پھر واضح کیا کہ بھارت کے 5اگست کے اقدام کو واپس لینے تک بھارت سے کوئی بات چیت نہیں ہو گی ۔برہان وانی کی شہادت پر کشمیر میں آج جو ہوا اس کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کالعدم ٹی ایل پی کے حوالے سے وزیرداخلہ نے بتایا کہ ٹی ایل پی کی فائل کابینہ میں بھیج رہے ہیں وہ فیصلہ کرے گی ،کابینہ اگر تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دیتی ہے تو وہ کالعدم قرار ہو گی ورنہ نہیں ہوگی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں الیکشن مہم کیلیے عمران خان جلد جائیں گے، میں بھی الیکشن مہم میں حصہ لوں گا اور وزیراعظم کے ساتھ وہاں جاؤں گا، اورانشااللہ تحریک انصاف آزاد کشمیر میں حکومت بنائے گی۔