سندھ کی حکومت نے مشیرِ ماحولیات مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق مرتضیٰ وہاب کی بطور ایڈمنسٹریٹر تعیناتی کی صوبائی کابینہ کے کئی اراکین نے مخالفت کی تھی۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی تجویز پر پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے اس کی منظوری دی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی امریکا سے وطن واپسی پر مرتضیٰ وہاب کی بطور ایڈمنسٹریٹر تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی امریکا سے وطن واپسی اگلے ہفتے متوقع ہے۔
مرتضیٰ وہاب کراچی سنبھالنے کے اہل نہیں۔ خرم شیر زمان
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کراچی کے صدر خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی کس تجربے کی بنیاد پر لگایا جا رہا ہے؟ وہ کراچی کی ذمے داری سنبھالنے کے اہل نہیں ہیں۔
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کی تبدیلی کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔
جاری کیے گئے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ سندھ حکومت پیسے کیلئے آئینی راستے اور چور دروازوں کا استعمال بخوبی جانتی ہے۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ سندھ حکومت نے ایڈمنسٹریٹر کی تبدیلیوں کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، سندھ حکومت کے ایم سی میں جیالوں کی فوج تیار کر رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سن کوٹے پر آئے جیالے کو ایڈمنسٹریٹر لگا کر نوازنے کی کوشش کی جا رہی ہے، کراچی کے مسائل باتوں سے نہیں عمل سے حل کیئے جا سکتے ہیں۔
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کراچی کے صدر نے یہ بھی کہا ہے کہ کراچی کی رونقیں بحال کرنا بچوں کے بس کا کام نہیں۔