افغان طالبان کا کہنا ہے کہ ہم دہشت گرد نہیں، آزادی پسند ہیں،ہم اپنے ملک کی آزادی کے لئے لڑرہے ہیں،افغانستان کے 245 اضلاع پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے،چین کے سرحدی علاقے کے لوگوں نے خوش آمدید کہا،امریکا نے ہم پر جنگ مسلط کی، ناکامی کے بعد مذاکرات پر راضی ہوا۔
تفصیلات کے مطابق شیخ شہاب الدین دلاورکی قیادت میں طالبان کا وفد مذاکرات کے لیے روس کے دارالحکومت ماسکو پہنچ گیا ہے جہاں وفد نے افغانستان کے لیے روسی مندوب ضمیر کابلوف سے ملاقات کی اورافغان امن عمل سے متعلق بات چیت کی۔
ماسکو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طالبا ن وفد کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد افغانستان کو غیرملکی تسلط سے آزاد کرانا تھا،افغانستان میں کئی دارالحکومتوں کا محاصرہ جاری ہے،افغان فورسزکی بڑی تعداد ہمارے ساتھ مل رہی ہے۔
طالبان نے یقین دہانی کرائی کہ افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں کی جائے گی۔