والدہ بیٹے کی دوسری ذات کی لڑکی سے شادی پر ناخوش تھی۔فائل فوتو
والدہ بیٹے کی دوسری ذات کی لڑکی سے شادی پر ناخوش تھی۔فائل فوتو

ماں نے دولہا بنے بیٹے کی چپل سے پٹائی کردی

شادی کی تقریبات  میں لڑائی جھگڑے معمول کی بات ہے لیکن ایسا کم ہی ہوتا ہے کہ والدہ دولہا بنے بیٹے کی اسٹیج پر ہی پٹائی کر رہی ہو، بھارت میں ان دنوں ایک ویڈیو خوب وائرل ہورہی ہے جس میں والدہ کو اسٹیج پر چڑھ کر مہمانوں کے سامنے دولہا کی چپل سے پٹائی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست اترپردیش کے ایک گاؤں میں دولہا دلہن کی اسٹیج پرایک دوسرے کو ہار پہنانے کی تقریب کے دوران پیش آیا۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دولہا دلہن خوبصورت سن فلاوراسٹائل میں تیارکیے گئے اسٹیج پر ایک دوسرے کو ہار پہنانے میں مصروف تھے کہ اچانک دولہے کی ماں نے اسٹیج پر چڑھ کر پہلے توڑ پھوڑکی اور پھر چپل اتارکر دولہا بنے بیٹے کو مہمانوں کے سامنے مارنا شروع کر دیا۔

شادی میں شریک چند مہمانوں نے آگے بڑھ کر خاتون کو زبردستی اسٹیج سے اتارا، بعد ازاں ویڈیو میں خاتون کو شادی کی تقریب سے جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق والدہ کی دلہا بنے بیٹے پر تشدد کی اصل وجہ سامنے نہیں آسکی تاہم بتایا جا رہا ہے کہ والدہ بیٹے کی دوسری ذات کی لڑکی سے شادی پر ناخوش تھی، بیٹے نے خاندان کی مرضی کے خلاف جاکر انکیتا نامی لڑکی سے پسند کی شادی کی تھی۔

کورٹ میرج کے 3 ماہ بعد لڑکی کے والد نے فیصلہ کیا کہ بیٹی اور داماد کی شادی کی تمام رسمیں مقامی ہال میں ادا کی جائیں گی اورجب اس شادی کی خبر لڑکے کی ماں کو ہوئی تو انھوں نے ہال پہنچ کر اپنے بیٹے کو چپل سے مارنا شروع کر دیا۔