مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان جس کانام کشمیرفروش ہےوہ کشمیرکوبھارت کی جھولی میں پھینک آیا، عمران خان یاد رکھیں کشمیر کے عوام بکنے والے نہیں۔ پی ٹی آئی حکومت کی تباہی،نالائقی اورسلیکشن کاسورج آزادکشمیرمیں طلوع نہیں ہونےدیں گے۔
کوٹلہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے لیگی رہنما مریم نواز کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کا وائرس مقبوضہ کشمیر کو نگل گیا، عمران خان اور تحریک انصاف کورونا وائرس سے زیادہ خطرناک ہیں، میری اطلاع کے مطابق کشمیر کے سودے میں عمران خان کی مرضی شامل تھی، کشمیری عوام کیساتھ مل کرعمران خان سے پوچھنا چاہتی ہوں کشمیریوں کا خون تمہیں بیچنےکاحق کس نےدیا۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان سے پوچھنا چاہتی ہوں کہ کشمیریوں کا خون بیچنے کا حق کس نے دیا، کشمیر فروشی کے بعد یہ کس منہ سے کشمیر آرہے ہیں، جس نے ساری زندگی کھیل تماشے میں گزاری ہو وہ خارجہ پالیسی کے بارے کیا جانے، سلیکٹڈ کی پالیسی یہ ہے کہ میں نے خاموشی اختیار کرلی اب عوام بھی خاموشی اختیار کرلیں، ان کی خارجی پالیسی یہ تھی بھارت نے کشمیر کو ساتھ جوڑ لیا تو کہتے ہیں میں کیا کرسکتاہوں، اگر کچھ نہیں کرسکتے تو 22 کروڑ عوام سے کھیلنے کا حق کس نے دیا ہے۔
نائب صدر (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی سڑک کا نام تبدیل کرکے کشمیر کا سوگ منایا گیا، کشمیر کا سودا کرنے کے بعد اپنے اعمال کا سوگ بھی خود منا رہے ہیں، برہان وانی کا مقدمہ نواز شریف نے اقوام متحدہ میں لڑا تھا لیکن کل برہان وانی کی برسی پر وزارت خارجہ میں کانسرٹ اور ناچ گانا ہورہا تھا۔
مریم نواز نے کہا کہ آج پاکستان میں 12،12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ واپس آگئی ہے، چینی کے لئے عوام کو بھیکاریوں کی طرح کھڑا کیا گیا ہے جب کہ عوام نے بتایا کہ نواز شریف کے دور میں اشیائے ضروریہ سستی تھیں تاہم اب تباہی، بربادی اور نالائقی کا سورج غروب ہورہاہے اس کو کشمیر میں طلوع ہونے نہیں دیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ جب سے بجٹ آیا ہے اس دن سے روز مہنگائی ہورہی ہے، ادویات کی قیمت میں 200 فیصد اضافہ ہواہے، عوام کو دینے کے لیے پیسا نہیں ہے لیکن ووٹ خریدنے کیلئے پیسا ہے، ووٹ خریدنے کے لئے پیسہ نچھاور کیا جارہا ہے، یہ پیسہ فارن فنڈنگ سے آرہاہے یا کشمیر کا سودا کرنے سے آیا تاہم عمران خان یاد رکھیں کشمیری عوام بکنے والے نہیں ہیں۔
نائب صدر (ن) لیگ نے کہا کہ سلیکٹر نواز شریف کے خلاف تھے پھر بھی نواز شریف نے لوڈ شیڈنگ کو ختم کیا تھا، جس لوڈ شیڈنگ کو نواز شریف نے صفر کیا تھا انہوں نے پھر 20،20 گھنٹے کردیا، نواز شریف نے آئی ایم ایف سے جان چھڑا لی تھی لیکن انہوں نے پھر پاکستان کو آئی ایم ایف کودیدیا ہے، پاکستان کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھا جا چکاہے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ میری رگوں میں کشمیری ماں اور باپ کا خون ہے۔ کشمیر ایک ہے اور ایک ہی رہے گا۔ کشمیر کا بیٹا نواز شریف کشمیر کی جنگ لڑے گا۔ میں جانتی ہوں کہ کشمیریوں کو نواز شریف بہت شدت سے یاد آرہا ہے۔
مریم نواز شریف کے مطابق مخالفین کو نواز شریف کا اتنا خوف ہے کہ ان کی باتیں نواز شریف سے شروع ہوتی ہیں اور انہیں پر ختم ہوتی ہیں۔ میں 12 سے 13 دن کیلئے کشمیر آئی ہوں۔ کشمیری چاہے سرحد کے اس پار ہو یا اس پار، پاکستان آپ کے ساتھ ہے۔ یقین کریں کہ نواز شریف کشمیر کی جنگ جیت کرآپ کی جھولی میں ڈالیں گے۔