تمام مسافر اور فریٹ ٹرینیں نجی شعبہ کے حوالے کر رہے ہیں۔فائل فوٹو
تمام مسافر اور فریٹ ٹرینیں نجی شعبہ کے حوالے کر رہے ہیں۔فائل فوٹو

سرسید ایکسپریس باقاعدہ طور پر نجی شعبہ کے حوالے

پاکستان ریلوے نے سرسید ایکسپریس باقاعدہ طور پر نجی شعبہ کے حوالے کردی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان ریلوے نے سرسید ایکسپریس باقاعدہ طورپرنجی شعبے کے حوالے کردی ہے، اس موقع پر نجی شعبہ کی ٹرین میں عید قربان پر ٹکٹوں میں دس فیصد کمی کا بھی اعلان کیا گیا۔  راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے اعظم سواتی  کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے مسافر اور مال بردار ریل گاڑیاں نہیں چلا سکتا، تمام مسافر اور فریٹ ٹرینیں نجی شعبہ کے حوالے کر رہے ہیں، لیکن اس کے ساتھ ہی کوئی ملازم  بے روزگار نہیں ہوگا۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ ملازمین کی تنخواہیں اور مراعات بہتر بنا رہے ہیں، 230 نئی کوچز خریدی جارہی ہیں، ریلوے ورکشاپوں کو روسی ریلوے ماہرین کے حوالے کرنے کی پیشکش بھی کردی ہے، وزیر اعظم عمران خان جلد ازبکستان جارہے ہیں، پاکستان سے ازبکستان بھی ٹرین چلے گی۔

اعظم سواتی نے بتایا کہ ایم ایل ون سے اپنے ٹریک بہتر بنانے جارہے ہیں، مٹھی بھر ریلوے مافیا نے ریلوے کو چنگل میں پھنسا رکھا ہے، اب بھی ریلوے اسکریپ، ٹکٹ اور پانی چوری کیا جاتا ہے، ہم نے تمام ریلوے اسکریپ 31 جولائی تک ایک جگہ اکٹھا کرنے کا حکم دیا ہے، جسے اوپن نیلامی میں فروخت کردیا جائے گا۔

گھوٹکی ٹرین حادثے کے حوالے سے وزیرریلوے کا کہنا تھا کہ گھوٹکی ٹرین حادثہ انکوائری آخری مرحلہ پہنچ گئی جو ذمہ دار ہوئے سخت ایکشن ہوگا، آئندہ جو بھی ٹرین حادثہ کرے گا اس کے خلاف سخت ایکشن ہوگا، کوئی ریل گاڑی کسی ریلوے آفیسر کو نہیں دی جائے گی، کرپشن جڑ سے اکھاڑ دیں گے۔ میرا اور میری  فیملی کا کوئی سرکاری خرچہ نہیں، میں ریلوے سفر ٹکٹ خرید کر کرتا ہوں۔