وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف شہباز شریف کو ایف آئی اے کی جانب سے ہراساں نہیں کیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے نے جاری کیئے گئے ایک بیان میں مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کے عدالت میں دیئے گئے بیان پر ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
ایف آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کسی بھی سوال کا سنجیدگی سے جواب نہیں دیتے، ان سے اربوں روپے کی رقم جمع ہونے کے سوال پر جواب ملتا ہے کہ میں نے میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین چلائی۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق شہباز شریف سے سوال کیا گیا کہ آپ کے ملازمین نے اربوں روپے آپ کے اور فیملی کے اکاؤنٹس میں جمع کرائے۔جس پر شہباز شریف کا جواب ملتا ہے کہ میں نے پنجاب کی بہت خدمت کی۔
ایف آئی اے کے ترجمان نے کہا کہ پوچھا جاتا ہے کہ گاڑیاں اور پراپرٹی کیسے بنائی، جس پر شہباز شریف کا جواب ہوتا ہے بچوں سے پوچھیں۔