کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش نے شہر قائد کو پانی پانی کر دیا جبکہ شہری انتظامیہ کے انتظامات کا پول بھی کھل گیا،بارش کے باعث کراچی میں مسائل کے انبارلگ گئے
کراچی میں بارش برستے ہی ڈرین سسٹم جواب دے گئے ، شہر کی گلیاں اور سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا ،گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں،پیدل چلنے والوں شدید مشکلات کا سامناہے ۔ ادھر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث مویشی منڈیوں کے حالات بھی خراب ہونے کی توقع ہے۔
ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہونے سے گاڑیوں میں موجود شہری گاڑیوں میں جب کہ گلیوں میں پانی کھڑا ہونے سے گھروں میں موجود شہری گھروں میں قید ہو کر رہ گئے ۔
حسب معمول بارش برستے ہی کے الیکٹرک کا نظام بھی دھوکہ دے گیا ،کورنگی،مہران ٹائون، نارتھ ناظم آباد، ملیر، جامعہ ملیہ، گلشن اقبال اور گلستان جوہرکے علاقوں میں بجلی معطل ہو گئی۔
کراچی میں صفورا گوٹھ، گلشن اقبال، اورنگی ٹاون، صدر، گارڈن، اولڈ سٹی ایریا ،گلشن حدید، اسٹیل ٹاون، لانڈھی، ملیر، ائیرپورٹ اور دیگر علاقوں میں کھل کربادل برسے ۔