مظفر آباد:مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے وادی لیپہ میں جلسے سے خطاب کے دوران کہا کہ عمران خان کشمیر آ کر اپنا وقت ضائع نہ کریں، آج عوامی سمندر دیکھ کر اندازہ ہو گیا ہے کہ آزاد کشمیر میں ایک بار پھر شیر آگیا ہے ۔
مریم نواز نے لیپہ وادی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں ووٹ مانگنے نہیں آئی یہاں کے لوگوں سے ملنے آئی تھی ، کشمیر کے عوام نے 25جولائی سے قبل ہی اپنا فیصلہ سنا دیا ہے ،پاکستان میں آٹا چور ، چینی چور اب آپ کے پاس بھی ووٹ مانگنے آرہے ہیں مگر آپ یاد رکھنا کہ کشمیریوں کا رزق کسی وفاقی حکومت کے ہاتھ میں نہیں بلکہ اللہ کے ہاتھ میں ہے ۔آپ عمران خان سے پوچھنا کہ پاکستان کے بعد کیا اب کشمیر کا بھی آٹا اور چینی چوری کرنے کیلیے آئے ہو ۔
مریم نواز نے کہا کہ ریاستی مشینری استعمال کرنے کے باوجود ڈسکہ میں ہارنے والے آپ کا ووٹ چوری کرنے پر نظریں جمائے بیٹھے ہیں ، انہوں نے ڈسکہ الیکشن میں الیکشن نہیں پورا عملہ چوری کرلیا تھا ۔راجہ فاروق حیدر اور ان کے ساتھیوں نے کسی کے سامنے بھی جھکنے اور ڈرنے سے انکار کر دیا ۔
مریم نواز نے کہا کہ خواجہ آصف ، سعد رفیق اور دیگر کے خلاف کرپشن کے الزامات لگائے گئے مگر عدالت نے سب کو مسترد کر دیا ، ان کے کرپشن کے الزامات کا بیانیہ منہ کے بل پڑا ہے ۔
مریم نواز نے کہا کہ ڈسکہ الیکشن میں انتخابی عملے کو چوری کرنے والے اب آزاد کشمیر کے انتخابات کو چوری کرنے پر نظریں لگائے بیٹھے ہیں،سلیکٹڈ عمران خان نواز شریف کا مقابلہ نہ کر پایا تو سازشوں کے تحت سیاست سے دور کر دیا ۔
انتخابی جلسے میں خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف حب الوطن اور دھرتی کا بیٹا ہے ، عمران خان کی نالائقی اور نااہلی کے باعث کئی لوگ متاثر ہوئے ، نواز شریف کے خلاف کچھ لوگوں نے ذاتی مفادات کیلے پراپیگنڈا کیا ، نواز شریف حب الوطن اور دھرتی کا بیٹا ہے اس کا قصور صرف اتنا ہے یکہ اس نے پاکستان اور کشمیرکے عوام کی خدمت کی ۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ عمران خان کے وزرا کی پیسے بانٹنے کی ویڈیو سامنے آئی ہے مگر آزاد کشمیر کے غیور عوام بکنے والے نہیں ، کیا نوا زشریف کے وقت میں ایک ایک کلو چینی کیلئے قطاروں میں کھڑا ہونا پڑتا تھا ، آزاد کشمیر کے انتخابات میں ریاستی وسائل استعمال کئے جا رہے ہیں مگر ان سب کے باوجود تحریک انصاف کی حالت پتلی نظر آتی ہے ۔