عافیہ صدیقی کی صحت ٹھیک ہے، حکومت اس معاملے میں بے خبر نہیں۔فائل فوٹو
عافیہ صدیقی کی صحت ٹھیک ہے، حکومت اس معاملے میں بے خبر نہیں۔فائل فوٹو

ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے رحم کی اپیل پر دستخط کر دیے

وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے معافی کی پٹیشن پر دستخط کرالیے ہیں، عافیہ صدیقی کو خاندان سے بات کرنے کی اجازت ہے، ہماری حکومت کوشش کر رہی ہے کہ عافیہ صدیقی کو واپس لایا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ عافیہ صدیقی کو ہر تین ماہ بعد قونصل رسائی ملتی ہے، ان کی رہائی لیے کوششیں کررہے ہیں ہم اپنی بات سے پھرے نہیں، نیت پر شک نہ کیا جائے۔

سینیٹ اجلاس میں بیان دیتے ہوئے وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ وزارت خارجہ نے امریکی جیل میں قید عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے سنجیدہ کوششیں کیں، حکومت قائم ہوتے ہی عافیہ صدیقی سے رابطے کی کوششیں کیں اوراب تو عافیہ صدیقی نے رحم کی اپیل پر بھی دستخط کر دیے ہیں تاہم پہلے وہ رحم کی اپیل پر دستخط کرنے سے انکاری تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نہ ہی عمران خان اور نہ قوم عافیہ صدیقی کو بھولی ہے، ایسے معاملات کو سیاسی نہیں بنانا چاہیے، کیا آپ ہمارے دلوں میں دیکھ رہے ہیں، کیا عمران خان امریکا کے صدر ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب عافیہ صدیقی گئی تب اسی شخص کی حکومت تھی جسے ایم ایم اے نے وردی میں منتخب کیا تھا، حکومت میں آتے ہی عافیہ صدیقی سے رابطے کی کوشش کی ، لیکن کچھ مجبوریاں ہیں، عافیہ صدیقی کی صحت ٹھیک ہے، حکومت اس معاملے میں بے خبر نہیں۔