چمن:طالبان کی جانب سے باب دوستی گیٹ کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد پاکستان نے افغان سرحد سیل کردی۔
نجی ٹی وی کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے افغانستان کے بیشترعلاقوں کے بعد چمن سے متصل باب دوستی گیٹ کا کنٹرول بھی سنبھال لیا گیا، جس کے بعد پاکستان کی جانب سے پاک افغان سرحد سیل کردی گئی ہے، اور سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔
دوسری جانب طالبان نے افغانستان کے شہر اسپین بولدک بارڈر پر بھی قبضہ کرلیا ہے، اور بارڈر اور شہر کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، گزشتہ رات طالبان نے افغانستان کے سرحدی شہر بولدک ویش بارڈر پر حملہ کیا تھا، طالبان کے حملے کے بعد بولدک شہر سمیت دیہاتوں، سرحدی چوکیوں اور افغان امیگریشن پر بھی قبضہ کرلیا ہے۔
افغان فورسز کے پیچھے ہٹنے کے بعد درجنوں طالبان پاک افغان سرحد کے گیٹ باب دوستی پر پہنچے اور مرکزی دروازے پر اپنا پرچم لہرا دیا، اس حوالے سے طالبان کی جانب سے ویڈیوز بھی جاری کی گئی ہیں جس میں وہ سرحدی گیٹ سے ملحقہ علاقے میں گشت کرتے ہوئے اور چوکیوں پر پرچم لہراتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
طالبان کا چمن سے ملحقہ افغانستان کی سرحد پر قبضہ۔ باب دوستی گیٹ پر اپنا پرچم لہرا دیا۔ #Taliban #Afghanistan #Chamanborder #Pakistan pic.twitter.com/XOsNn9Ys8b
— Iman Hasan (@ImanH2019) July 14, 2021
ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے جاری بیان میں بھی اس کی تصدیق کردی گئی ہے، جب کہ ترجمان کا کہنا ہے کہ طالبان نے اس وقت اسپین بولدک کا مکمل کنٹرول سنبھال لیا ہے، افغان طالبان نے پاکستانی سرحد سے ملحقہ افغان علاقے ویش منڈی پر بھی قبضہ کرلیا ہے۔
طالبان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں چمن قندھار شاہراہ پر طالبان کا کنٹرول ہے اور آمد و رفت معطل ہے، شہری اور تاجر آج بابِ دوستی کی جانب نہ آئیں۔
دوسری جانب پاکستانی لیویز حکام نے بتایا ہےکہ پاکستان کی جانب سے بھی بابِ دوستی ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے اور تجارت معطل ہے۔
لیویز حکام کے مطابق بابِ دوستی پر اضافی سیکیورٹی تعینات کردی گئی ہے، پاک افغان بارڈر پر ہائی الرٹ ہے۔
لیویز حکام نے بتایا کہ بابِ دوستی گیٹ سے آمد و رفت اور تجارت کی بحالی کیلئے طالبان کی مقامی قیادت سے رابطے میں ہیں۔
پاکستانی لیویز حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ چمن سے متصل افغانستان کی تمام سرحدی چوکیوں پر طالبان کا قبضہ ہے، پاک افغان بارڈر پر غیر یقینی صورتِ حال ہے۔