اسلام آباد۔وزیرا عظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوشش ہے کہ ای ووٹنگ سے اوورسیز پاکستانی ووٹ کاسٹ کرسکیں ،ای ووٹنگ مشینوں کے ذریعے انتخابات سے دھاندلی ختم ہوجائے گی اور اپوزیشن بھی نتائج تسلیم کرے گی۔
نادرا وارثتی سرٹیفکیٹ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارا اصل مقصد عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو وراثتی سرٹیفکیٹ کے لیے پاکستان آنا پڑتا تھا،اب اوورسیز پاکستانی بیرون ملک ہی بائیو میٹرک تصدیق سے سند لے سکتاہے۔ہمیں ٹیکنالوجی کے استعمال سے عوام کیلیے آسانیاں پیداکرنی چاہئیں،چیئرمین نادرا سے امیدیں ہیں وہ عوام کےلیے ہرممکن آسانی پیدا کریں۔
عمران خان نے کہا کہ پیپر لیس نظام آنے سے فراڈ ختم ہو جاتا ہے،پہلے لینڈ رجسٹری اوردیگر ریکارڈ کی فائلیں گم یا پھر جلادی جاتی تھیں،اب آن لائن نظام سے زمینوں کا ریکارڈ محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔