سینیٹ میں اپوزیشن کی جانب سے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور کے بیان کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔
سینیٹر رضا ربانی نے ایوان میں ’بدکلامی کی سرکار، غنڈا گردی کی سرکار نہیں چلے گی‘ کے نعرے لگوا دیے، بعد میں معذرت بھی کرلی۔
ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے پوری مسلم امہ کو ایک پلیٹ فام پر جمع کیا اور یہ انہیں غدار کہہ رہے ہیں، ایک دوسرے کو برا بھلا کہنے والی سیاست تباہی کی طرف لے جائے گی۔
پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ کل اس بدزبان حکومت کے بدزبان وزیر نے بھٹو صاحب کو غدار کہا، یہ تصادم کی نئی راہ کھول رہے ہیں۔
شیری رحمان نے کہا کہ بھٹو ایٹمی پروگرام لائے، اس لیے غدار ہے؟ زبان درازی کی حد ہوتی ہے، یہ کون ہوتے ہیں غداری کے سرٹیفکیٹ دینے والے۔
مسلم لیگ ن کے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ حکومتی وزیر نے بھٹو، نوازشریف اور مریم نواز کے لیے جو زبان استعمال کی اس پر انہیں شرم آنی چاہیے۔سینیٹ میں قائد ایوان شہزاد وسیم کی تقریر کے دوران اپوزیشن نے شور شرابا اور احتجاج کیا۔