لاہور:رنگ روڈ راولپنڈی کیس میں سابق کمشنر راولپنڈی کیپٹن(ر)محمود کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔ذرائع اینٹی کرپشن نے بتایا کہ چیئرمین لینڈ ایکوزیشن کمیشن وسیم تابش کو بھی گرفتارکرلیا گیا ۔
اینٹی کرپشن ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کمشنر راولپنڈی کارنگ روڈ فراڈ میں مرکزی کردا ر ہے،محمد محمود کو ٹھوس شواہد کی بنا پر گرفتار کیا گیا ہے۔
اینٹی کرپشن کی ٹیم کی جانب سے سابق کمشنر سے انکوائری کی گئی تھی ، ذرائع کے مطابق محمد محمود انکوائری کے دوران تفتیشی ٹیم کو مطمئن نہیں کر سکے تھے جس کے بات انہیں مزید مہلت دی گئی تھی۔ اینٹی کرپشن ٹیم نے کیپٹن (ر)محمد محمود کو لاہور سے گرفتار کیا ہے۔
رنگ روڈ کا مبینہ اسکینڈل اس وقت سامنے آیا ہے جب مقامی میڈیا پر یہ خبریں نشر ہوئیں کہ با اثر افراد کے کہنے پر اس منصوبے کے ڈیزائن میں تبدیلی کر دی گئی ہے جس کا مبینہ مقصد اس منصوبے کے ارد گرد موجود نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو فائدہ پہنچانا تھا۔
اس منصوبے کے ڈیزائن میں تبدیلی کے بعد اس پر اٹھنے والے اضافی اخراجات کا تخمینہ 25 ارب روپے لگایا گیا ہے۔
وزیر اعظم کے سابق معاون خصوصی زلفی بخاری اور وفاقی وزیر غلام سرور خان کا نام بھی سامنے آیا ہے۔