مسلم لیگ (ن ) کی نائب صد ر مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) آزاد کشمیر کا الیکشن چوری کرنا چاہتی ہے، عمران خان کا کشمیر میں حکومت بنانے کا مقصد یہ ہے کہ آزاد کشمیر کو صوبہ بنایا جائے ،ا س سازش پر بس عملدرآمد ہونا باقی ہے مگر میں کٹھ پتلی وزیراعظم کو بتانا چاہتی ہوں کہ ہم عوام کی طاقت سے یہ سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، کشمیر کا بچہ بچہ کٹ مرے گا لیکن کشمیر صوبہ نہیں بنے گا۔
آزاد کشمیر راولا کوٹ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے لیگی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ عمرا ن خان مقبوضہ کشمیر کو بھارت کی جھولی میں ڈالنے کے بعد اب آزاد کشمیر کی پہچان بھی چھیننا چاہتا ہے، 25جولائی کوشیر پر مہر لگانے کا مطلب ہوگا کہ کشمیری اپنی پہچان برقرار رکھنے چاہتے ہیں اور آزاد کشمیر میں ترقی چاہتے ہیں جبکہ بلے پر مہر لگانے کا مطلب ہوگا کہ کشمیری خود کو اس عذاب میں دھکیلنا چاہتے ہیں جس میں پاکستان کے عوام مبتلا ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ کٹھ پتلی وزیر اعظم عمران خان نے جو بیان دیا کہ میرے علاوہ کوئی چوائس نہیں ہے یہ بیان کٹھ پتلی کے لیے شرم کا مقام ہے ، وزیرا عظم نے اپنے بیان سے ثابت کیا کہ وہ عوام کے ووٹ سے نہیں بلکہ سلیکٹرز کی چوائس سے الیکشن چوری کرکے آیا ہے، عمران خان نے اپنے بیان سے خود میں اور نواز شریف میں فر ق واضح کردیا ہے ، عمران خان چوائس اس لیےہے کہ وہ سلیکٹرز کے ہر اشارے پر لٹو کی طرح گھومتا ہے اور نواز شریف اس لیے چوائس نہیں کہ وہ عوام کے حقوق کیلیے ڈٹ جاتا ہے، کسی کے سامنے جھکتا نہیں ہے۔
لیگی نائب صد ر کا کہناتھا کہ کیا فائدہ ایسی 22سالہ جدوجہد کا جس میں بندہ اقتدار کے لیے اپنے ماتھے پر اسٹیبلشمنٹ کا ٹھپہ لگو الے، عمران خا ن نے اتنی طویل جدوجہد کے بعد گھاٹے کا سودا کرلیا ہے، عمرا ن خان عوام کے ووٹ کی پرچی کو اپنے پیروں میں روند کر اقتدار میں آیا ہے،نواز شریف ایسا نہیں تھا کیوں کہ جب اسے اقتدار سے ہٹانے کے لئے جھوٹے مقدمات بنا کر استعفیٰ دینے کا کہاگیا تو اس نے کہا کہ میں عوام کی طاقت سے آیا ہوں کسی کے سامنے جھکوں گا نہیں۔نوازشریف اپنے پیاروں کے جنازوں میں شریک نہیں ہوسکے، نواز شریف کرسی کی قربانی دے گا لیکن عوام کے ووٹ کی پرچی کو پاوں میں روندنے کی اجازت نہیں دے گا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان آپ کچھ بھی کرلیں کشمیر کے عوام نے نواز شریف کا ساتھ دینے کا سوچ لیا ہے،تین سال تے تم کٹھ پتلی وزیر اعظم بن کر بیٹھے ہو مگر کشمیر کے چپے چپے پر وزیر اعظم نواز شریف کے نعرے لگ رہے ہیں، تم جس کے خلاف مسلسل سازشیں کرنے میں مصروف ہو وہی نواز شریف آج مجبوری میں لندن میں بیٹھے ہیں لیکن الیکشن میں اس کے چاہنے والوں نے تمہیں دن میں تارے دکھا دیے ہیں۔