پاک افغان بارڈر پر باب دوستی طالبان کے قبضے کے باعث آج دوسرے روز بھی بند ہے جس کے باعث پاکستان اورافغانستان کے درمیان مرکزی گزرگاہ سے آمد و رفت معطل ہے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق لیویز حکام کا کہنا ہے کہ پاک افغان تجارتی سرگرمیاں معطل ہیں جب کہ پیدل آمد و رفت بھی نہیں ہو رہی جس کے باعث سرحد کے دونوں اطراف بڑی تعداد میں پاکستانی اور افغان شہری پھنسے ہوئے ہیں ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ پاکستانی سرحد سے متصل افغان ضلع اسپن بولدک پر قبضے کے لیے حملہ کیا گیا جس کے بعد پاکستان اور افغانستان کے مابین مرکزی گزرگاہ کاکنٹرول حاصل کرلیا ہے۔
ترجمان طالبان کا کہنا ہے کہ طالبان نے 20 سال بعد افغانستان کی جانب سے باب دوستی کاکنٹرول دوبارہ حاصل کرلیا ہے، باب دوستی پر طالبان نے افغانستان کا قومی پرچم اتار دیا اور طالبان امارت اسلامی کا سفید پرچم لہرادیا گیا ہے۔