مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان نے آزاد کشمیر میں اپنی ایک اور اے ٹی ایم مشین ڈھونڈ لی ہے، اور آج وزیر اعظم اسی اے ٹی ایم مشین کے حلقے باغ سے انتخابی مہم کا آغاز کرنے جا رہے ہیں، جیسے شہد پر مکھیاں آتی ہیں ویسے ہی عمران خان پیسوں والی جگہ پر جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے علاقے اسلام گڑھ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں نے سنا ہے کہ آج وزیرا عظم عمران خا ن آزاد کشمیر میں انتخابی مہم کا آغاز کرنے آرہے ہیں، ان پر انڈے یا ٹماٹر نہ برسانابلکہ جب وہ میر پور میں آئیں تو ان کے گلے میں پھولوں کے ہار ڈالنا جن کے ساتھ ایک تختی پر ، آٹا ، دوائی ، بجلی ، مہنگائی چور لکھا ہو،اورعمران خان کو الیکشن چوری کرنے پر ایک میڈل دینا ، اور وزیر اعظم کے سرپرایک تاج بھی رکھنا جس پر کشمیر فروش لکھا ہو۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان یہاں کس منہ سے آرہے ہیں جہاں ان کی آمد سے قبل ہی گو عمران گو کے نعرے لگ چکے ہیں اوران کے وزراپر ٹماٹر اور انڈے برسائے گئے ہیں،ہم دیکھتے آئے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نہتے کشمیریوں پر فائرنگ کرتی رہتی ہے لیکن یہ شرم کی بات ہے کہ آزاد کشمیر میں شہریوں پر اس شخص نے گولیاں برسائیں جو وزیرامور کشمیر ہے،یہ اتنے نااہل لوگ ہیں کہ الیکشن کمیشن کو فیصلہ کرنا پڑا کہ امور کشمیر کا وزیر یہاں داخل نہیں ہوسکتا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ن لیگ واحد پارٹی ہے جس نے آزاد کشمیر میں تمام جماعتوں کی دوڑیں لگوا دیں ہیں، مسلم لیگ ن کشمیر میں الیکشن جیت چکی ہے، اگر الیکشن چوری کیا تو کشمیری تمہیں چھوڑیں گے نہیں، یہ 2018نہیں ہے جس میں تم نے آر ٹی ایس کا بٹن دبا کر الیکشن چوری کرلیا تھا اور ن لیگ نے مان لیا تھا ، اب یہ وہ ن لیگ نہیں ہے ، یہ ڈسکہ والی ن لیگ ہے جس نے دھند میں بھی ووٹ چوروں کو ڈھونڈ نکالا تھا۔