حیدرآباد:سندھ پولیس کی جانب سے بلدیہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں شراب کے نشے میں دھت ہو کر بیوی کو قتل کرنے والا ملزم گرفتارکرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے عمر خالد میمن نامی ملزم نے 15جولائی کو گھر کے اندر نشے کی حالت میں اپنی بیوی کو تشدد کرکے قتل کردیا تھا۔
مقتولہ کی بہن کے مطابق ان کے بہنوئی نے ان کی 32سالہ بہن کو قتل کیا جو چار بچوں کی ماں تھی، ان کی جانب سے یہ الزام بھی عائد کیا گیا تھا کہ اس کا قاتل بہنوئی با اثر شخصیت ہے جس کے باعث پولیس ملزم کو گرفتار نہیں کر ر ہی، انہوں نے انصاف کے حصول کے لیے مدد کی اپیل بھی کی تھی۔
ایس ایس پی حیدرآباد عبد السلام شیخ کا کہنا ہے کہ انہوں نے واقعے کا نوٹس لیتے ملزم کی گرفتاری کا حکم دیا تھا جس کے بعد ملزم کو گرفتار کرکے اس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیاگیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے قتل کا مقدمہ ان کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، ملزم سے تفتیش جاری ہے۔