وزیراعظم عمران خان نے سابق حکمران میاں نواز شریف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اداکاری کرکے ملک سے فرار ہوئے۔
آزاد کشمیرکے علاقے بھمبر میں انتخابی جلسے سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف نے ایسی اداکاری کی کہ ہماری کابینہ کی خواتین نے رونا شروع کردیا لیکن نواز شریف کو جیسے ہی لندن کی ہوا لگی وہ ٹھیک ہو گئے۔ آج ناصرف نواز شریف بلکہ ان کے بچے بھی ملک سے فرار ہو گئے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کا منشی ہماری حکومت آنے سے پہلے فرار ہو گیا تھا۔ پاکستان میں عدالتیں آزاد ہیں تو ان کو کس چیز کا خوف ہے۔
اگر لیڈر ایماندار ہو تو وہ کسی کو بھی پیسے نہیں بنانے دے گا۔ ہم طاقتور کو قانون کے نیچے لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جس ملک میں کرپٹ حکمران ہوں وہاں ہمیشہ غربت ہوتی ہے۔ کفر کا نظام چل سکتا ہے لیکن ظلم کا نہیں۔ وہ قومیں تباہ ہوئیں جہاں امیر اور غریب کیلئے الگ الگ قانون تھا۔