اسلام آباد:پاکستان نے بھارت کی جانب اسرائیلی سافٹ ویئر کے استعمال سے وزیر اعظم عمران خان سمیت دیگراعلیٰ شخصیات کے فون ہیک کرنے کے معاملے پراظہار تشویش کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ کے متعلقہ ادارے معاملے کی تحقیقات کریں،اقوام متحدہ اصل حقائق منظر عام پرلائے اوراس میں ملوث بھارتی عناصرکا محاسبہ کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پاکستان وزارت خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ عالمی میڈیا کی اسرائیلی سپائی ویئر کے استعمال اور جاسوسی کے بارے رپورٹس دیکھی ہیں جن پرتشویش ہے،بین الاقوامی میڈیا نے بھارتی حکومت کو مکمل طور پر بے نقاب کردیا ہے۔
زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ بھارتی حکومت وزیرا عظم عمران خان سمیت غیر ملکیوں کی بھی جاسوسی کرتی رہی ہے، پاکستان بھارتی وسیع البنیاد ریاستی جاسوسی آپریشنزکی پرزور مذمت کرتا ہے۔بھارتی جاسوسی آپریشنز ذمے دارانہ ریاستی طرزعمل اورعالمی اقدارکی خلاف ورزی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اختلافی آوازوں کی جاسوسی راشٹریہ سوک سنگ اور بھارتیہ جنتا پارٹی(بے جی پے) کاپرانا سبق ہے،مقبو ضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم اور پاکستان مخالف گمراہی پھیلانا بھارتی ایجنڈا ہے، دنیا نام نہاد بھارتی ’ جمہوریت ‘ کے اصل چہرے سے واقف ہے، ہندوستانی جمہوریت کی اصلیت کرانیکل اور یورپی یونین ڈس انفولیب ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان سے متعلق تمام انکشافات پرانتہائی قریبی اورگہری نظر ہے،پاکستان بھارتی زیادتیوں پر مناسب عالمی فورمزکی توجہ مبذول کرائے گا۔