کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 6 میں 16 سالہ لڑکی ثمینہ نے خودکشی کی یا اسے قتل کیا گیا، اس حوالے سے پولیس نے تفتیش شروع کردی۔پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔پولیس حکام مختلف پہلوئوں سے فائرنگ کے واقع کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کو سینے پر انتہائی قریب سے گولی لگی، جہاں سے لاش ملی وہاں نائن ایم ایم پستول کا ایک خول بھی موجود تھا۔گھر والوں نے ابتدا میں اندھی گولی لگنے کا بتایا تھا، تاہم پوسٹ مارٹم میں ڈاکٹرز نے بتایا کہ گولی انتہائی قریب سے لگی ہے، جس پر اہلخانہ نے مؤقف اختیار کیا کہ خاندان میں بدنامی کی وجہ سے ایسا کیا گیا۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ ثمینہ کی لاش کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ میڈیکو لیگل رپورٹ کے مطابق لڑکی کو سینے پر جس جگہ گولی لگی وہاں سیاہ دھبہ بھی پڑ گیا تھا اور یہ تب ہی ہوتا ہے جب گولی پوائنٹ بلینک یعنی انتہائی قریب سے ماری جائے۔
پولیس حکام کے مطابق معاملہ غیرت کے نام پر قتل یا خودکشی کچھ بھی ہوسکتا ہے تاہم مکمل تحقیقات کے بعد ہی صورتحال واضح ہوگی۔