کابل:افغان حکومت نے طالبان کے حملوں کو روکنے کے لیے ملک بھر میں کرفیو نافذ کردیا ۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان حکومت نے طالبان کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ کو ختم کرنے اور حملوں کو روکنے لیے ملک بھر میں رات کا کرفیو نافذ کردیا ہے تاہم اس کا اطلاق کابل اور ننگرہار سمیت 3 صوبوں میں نہیں ہوگا۔
افغان وزارت داخلہ کے مطابق ملک کے 31 شہروں میں کرفیو نافذ کیا گیا ہے جس کا اطلاق رات 10 سے صبح 4بجے تک ہوگا۔ کرفیو نافذ کرنے کا مقصد طالبان کے حملوں اور ان کی نقل و حرکت کو روکنا ہے۔
دوسری جانب افغان وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ تمام صوبوں میں طالبان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، افغان فورسز ہر طرح سے مسلح ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر طالبان کے زیر اثر علاقوں کا کنٹرول حکومت سنبھال رہی ہے۔
افغان سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جھڑپوں میں 262 طالبان ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تاہم طالبان نے ہلاکتوں کو مسترد کردیا ہے۔