مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے حالیہ انتخابات کے نتائج کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔
مظفر آباد میں شاہدخاقان عباسی اور احسن اقبال سمیت مسلم لیگ ن کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ عمران خان نے آزاد کشمیر کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے ، آزاد کشمیر میں منی لانڈرنگ کی گئی ، پیسوں کے ساتھ لوگوں کے ووٹ خریدے گئے ، آزاد کشمیر میں تحریک چلاؤں گا، پوری دنیا کو بتاو¿ں گا۔
سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ وزرا نے الیکشن کے دوران اربوں کے منصوبوں کا اعلان کیا،یہ ووٹ عمران خان کا نہیں ،پیسے کا اور فراڈ کا ووٹ ہے ، آزاد کشمیر میں علی امین گنڈا پور نے جو زبان استعمال کی وہ ہماری روایت نہیں ، پیسے سے آزاد کشمیر کے لوگوں کی رائے تبدیل کی گئی ، لوگوں کا ایمان خریدا گیا ،ہم کوئی بھیڑ بکریاں نہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ مجھ سے کہا گیا شفاف الیکشن آپ نے کرانا ہے ، اگر میں نے شفاف الیکشن کرانا ہے تو الیکشن کمیشن کا کیا فائدہ ۔
مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقا عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر میں بہت پر جوش اور بڑے جلسے کیے مگر انتخابی نتائج ہماری انتخابی مہم کی عکاسی نہیں کرتے ، ہم انہیں مسترد کرتے ہیں ۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آزاد کشمیر کی انتخابی مہم میں مسلم لیگ ن کے قائدین اور ووٹر جس قدر پرجوش تھے اس کی نظیر نہیں ملتی ، مگرالیکشن کے عمل میں عوامی رائے کی حیثیت نہیں ،حقیقت میں 25جولائی کو آزاد کشمیر میں جمہوریت ہاری ہے ، جو معاملات 2018 میں ہوئے وہی 2021میں سامنے آئے ہمارے امیدواروں اور کارکنوں کو بلا کر کہا جاتا ہے کہ وفاداریاں بدل لو۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کس طرح کہیں آزاد کشمیر میں شفاف انتخابات کرانے میں ناکام رہے ، معاملہ الیکشن کے دن نہیں شروع ہو ا، کچھ لوگ پیسے کے بل بوتے پراقتدار میں آنا چاہتے ہیں ، دھاندلی الیکشن سے پہلے ہوئی ، غیر نمائندہ حکومت کس طرح کشمیر کاز آگے بڑھائے گی ۔