اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیو یارک پراپرٹی کیس میں آصف علی زرداری کی عبوری ضمانت میں 24اگست تک توسیع کر دی ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی ۔ نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے کہا گیا کہ آصف زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کیے گئے ۔
عدالت نے آصف علی زرداری کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ، آصف زرداری کی درخواست ضمانت پر نیب سے تحریری جواب طلب کرلیا۔
واضح رہے کہ نیب نے آصف زرداری کی نیویارک پراپرٹی کی تحقیقات کے لئے الیکشن کمیشن سے سابق صدر کے اثاثوں کا ریکارڈ حاصل کرلیا ہے۔نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن ریکارڈمیں آصف زرداری نے نیویارک پراپرٹی ظاہرنہیں کی ، فلیٹ کی ملکیت جاننے کے لئے امریکہ سے مزید معلومات لی جائیں گی۔